ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ماب لنچنگ روکنے میں حکومت کی ناکامی افسوس ناک:مفتی محمد مکرم احمد

ماب لنچنگ روکنے میں حکومت کی ناکامی افسوس ناک:مفتی محمد مکرم احمد

Fri, 31 Aug 2018 20:36:22    S.O. News Service

نئی دہلی،31؍اگست (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)شاہی مسجد فتحپوری مفتی محمد مکرم احمد نے آج نماز جمعہ سے قبل خطاب میں کہا کہ آج امت کے لیے سب سے پہلا اور سب سے ضروری کام یہ ہے کہ کتاب و سنت کی روشنی میں اپنی زندگی کو سنواریں اور پاکیزہ دینی زندگی کے ذریعہ اللہ تعالیٰ کی مدد کے مستحق بنیں۔ آپ نے فرمایا کہ عوام اور خواص کو اتحاد و اتفاق کے ساتھ مسائل حل کرنے کی ضرورت ہے۔ ایسا کوئی کام نہ کیا جائے جس سے مخالفین کو متحد ہونے کا بہانہ مل جائے، سیاسی بصیرت کی آج بہت ضرورت ہے۔ حاجیوں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سال بھی حج کے دوران حاجیوں کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا، منیٰ میں تو بُرا حال تھا، واپسی میں بھی بدنظمی ہے جو پہلے نہیں تھی۔ جو حاجی واپس آرہے ہیں اُن سے صحیح حال معلوم کرکے حج کمیٹی اور وزارت اقلیتی امور کو بہتری کے لیے اصلاح کرنی چاہیے اور واپس آنے والوں کی بھی پریشانی کو رفع کرنا چاہیے۔

شاہی امام نے ماب لنچنگ پر حکومت کی ناکامی پر شدید افسوس کا اظہار کیا یہ اتفاقی سانحہ نہیں ہے ایسا لگ رہا ہے کہ شرپسند عناصر منصوبہ بند طریقہ پر ماب لنچنگ کر رہے ہیں اگر ایسا ہے تو اس سے بڑی بدنصیبی ملک کی نہیں ہوسکتی۔ سپریم کورٹ کی واضح ہدایت کے باوجود ہجومی تشدد میں اضافہ حیرت کی بات ہے، حکومت کو اس پر کنٹرول کرنا چاہیے۔ انہوں نے آسام میں این آرسی ڈرافٹ کو بھی یقینی طو رپر صحیح کرنے کی اپیل کی اور امید ظاہر کی کہ ہندوستانی شہریوں اور مسلمانوں کو انصاف ملے گا۔ بین الاقوامی منظرنامہ میں افراتفری اور بے چینی سے فکرمند ہوئے شاہی امام مفتی مکرم صاحب نے مسلم ممالک سے اپیل کی کہ کہیں نہ کہیں باہمی تعاون کے جذبہ کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے اس میں ثواب بھی ہے اور نصرتِ الٰہیہ کا وعدہ بھی ہے۔ مسلم ممالک کو کتاب و سنت کی رہنمائی لینی چاہیے۔ 


Share: